لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر افسوس کا اظہار ہوا، ملکی کرکٹ کیلئے کسی کے آگے جھکنا نہیں، ویسٹرن بلاک ہمیشہ سے اپنا مطلب نکالتا ہے، ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے، اپنی آواز آئی سی سی میں اٹھائیں گے، ہوم سیریز نیوٹرل وینیوز پر کبھی نہیں کھیلیں گے۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ویڈیو پریس کانفرنس میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بالکل بھی اچھی نہیں، پاکستان کرکٹ پر دباؤ ہے، کرکٹ بورڈ کو کہہ دیا ہے کہ اگر آسٹریلیا نہیں آتی تو پلان بی تیار ہو۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پورا ویسٹرن میڈیا پاکستان کے حق میں بات کر رہا ہے، ہم بھی ہر فورم میں اپنی آواز کو اٹھائیں گے، ساتھ ہی دو ٹوک فیصلہ سنا دیا کہ ہم نیوٹرل وینیو پر کبھی جاکر نہیں کھیلیں گے، اپنے میدان ہی آباد کریں گے۔ قومی ٹیم سے مخاطب ہوئے کہا کہ دنیا کو اپنی پرفارمنس سے خاموش کرانا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کے افغان ہم منصب پاکستان آرہے ہیں، لیکن ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے۔