جدید طب سے متعلق ہیلتھ ایشیا 2025 کا کراچی ایکسپو میں انعقاد

Published On 14 October,2025 10:49 am

کراچی: (ویب ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان کی سب سے بڑی صحت سے متعلق نمائش اور کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 22 ویں ہیلتھ ایشیا بین الاقوامی نمائش 23 تا 25 اکتوبر تک کراچی میں منعقد کی جائے گی، نمائش کا انعقاد وزارتِ قومی صحت خدمات، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، ایونٹ میں عالمی ماہرین، طبی ادارے، دواساز کمپنیاں اور پالیسی ساز شریک ہوں گے۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے منعقدہ ایونٹ غیر ملکی سرمایہ کاری اور صحت کے شعبے میں سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔

ایونٹ میں چین، ایران، ہنگری، ترکی اور روس سمیت 24 ممالک کی بھرپور شرکت متوقع ہے، نمائش میں 400 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں جدید طبی ٹیکنالوجی پیش کریں گی، ایونٹ میں 26 ہزار سے زائد تجارتی زائرین کے ساتھ ساتھ 24 ورکشاپس و سیمینار منعقد ہوں گے۔

صحت و دواسازی کے شعبے میں عالمی اعتماد میں اضافہ میں ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار ہے اور ہیلتھ ایشیا 2025 کا انعقاد جدید تحقیق، سرمایہ کاری اور پائیدار صحت کے وژن کی عکاس ہے۔