لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 9 ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں 52 نئے کنفرم مریض سامنے آئے ہیں۔
راولپنڈی میں بھی گزشتہ روز 21 نئے ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں مجموعی طور پر ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 2105 تک پہنچ چکی ہے، لاہور میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 382 تک پہنچ گئی ہے، اور شہر میں مشتبہ مریضوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق رواں سال لاہور اور پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
مقامی انتظامیہ نے ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں۔