کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں ڈینگی کے مزید 113 مریض سرکاری ہسپتالوں میں داخل ہوئے جبکہ نجی ہسپتالوں میں 57 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سندھ نے ڈینگی سے متعلق یومیہ رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق کراچی ڈویژن میں ڈینگی کے 44 مریض سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، حیدرآباد میں 35 اور سندھ کے دیگر اضلاع سے 34 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، مجموعی طور پر سندھ بھر میں اس وقت 241 مریض ڈینگی کے باعث ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے جن میں سے ایک کا تعلق کراچی جبکہ 2 حیدرآباد سے ہیں، لیبارٹریز میں 5229 نمونوں کی ٹیسٹنگ کی گئی جن میں 774 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سندھ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 191 ڈینگی کے مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں، عوام ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



