بلوچستان: انسداد پولیو مہم کا آغاز، 26 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف

Published On 13 October,2025 08:56 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بھر میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا جس کے دوران 26 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق مہم میں 11 ہزار 144 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں 825 فکسڈ اور 476 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے تاکہ بچوں کی قوتِ مدافعت مضبوط ہو۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بلوچستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس تاحال موجود ہے جس سے بچے کسی بھی وقت متاثر ہو سکتے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں کیونکہ یہ وائرس عمر بھر کی معذوری کا باعث بن سکتا ہے۔