اسلام آباد: (دنیا نیوز) سال 2025 کی چوتھی قومی انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی، 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق ملک کے 159 اضلاع میں 13 تا 19 اکتوبر قومی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، بچوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے مہم کے دوران وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔
جنوبی خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 20 سے 23 اکتوبر تک منعقد کی جائے گی۔
پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
رواں سال اب تک ملک میں 29 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، حالیہ سیلاب کے بعد ملک میں صفائی کا نظام متاثر ہوا، اور پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ پولیو ورکرز کے لیے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، پیدائش سے 15 ماہ تک کے تمام بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں۔