کراچی: (دنیا نیوز) پی سی بی سے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رابطہ کر کے نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے کی پیشکش کر دی تاہم پاکستان نے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں، ری شیڈول سیریز کیلئے مناسب ونڈو تلاش کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوی بورڈ کو یہ تجویز ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو کیویز بورڈ ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ممکنہ سیریز مناسب وقت اور مقام پر کھیل سکتے ہیں، پی سی بی کے نقصان پر بھی سوچا جائے گا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے دوبارہ دورہ پاکستان کی بات قبل از وقت قرار دیدی۔
ُاُدھر کیوی کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے عمل کو شرمناک قرار دے دیا، کہتے ہیں مجھے تفصیلات نہیں پتہ لیکن یہ اچانک ہوا،پاکستان میں کرکٹ کو بہت پسند اور سپورٹ کیا جاتا ہے، اندازہ ہے پاکستانیوں کو دورہ منسوخ کرنے سے خاصی مایوسی ہوئی ہو گی۔ کین ولیمسن نے امید ظاہر کی کہ اس واقعے کے اثرات دیرپا نہیں ہوں گے اور پاکستان میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ ہو گی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کیساتھ حالیہ سیریز کو یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا تھا، کیوی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے 18 سال بعد آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی خدشات پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کیساتھ سیریز یکطرفہ طور پر منسوخ کردی
پی سی بی کی جانب سے کیوی بورڈ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا، چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ نے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے کے یکطرفہ فیصلے کی غلط مثال قائم کی، فیصلے سے دونوں بورڈز کے تعلقات متاثر ہوں گے۔