لاہور:(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں سنٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے شانداربلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 6 ٹی 20سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں جبکہ انہوں نےبھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 300اننگز کھیل کر محض 5ٹی 20سنچریاں سکور کیں۔
اگر دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تب بھی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھارتی قائد سے آگے ہیں،قومی ہیرو نے ٹی 20میں 185اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 30, 2021
بابر اعظم برطانوی کاؤنٹی لیسسٹر شائر ،ہمپشائر ، گلیمورگن،سندھ،جنوبی افریقہ ناردرن کے خلاف تھری فگر اننگز کھیل چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2012میں ٹی 20ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم نے کیریئر کے ابتدائی 8سالوں کے دوران کوئی بھی سنچری نہیں بنائی تھی ،تاہم گزشتہ 3سالوں کے دوران مختصر فارمیٹ میں وہ رنز مشین بنے ہوئے ہیں،ان تین سالوں میں انہوں نے 6سنچریاں بنائیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے 185اننگز میں 6سنچریاں بنائیں جبکہ احمد شہزاد نے 5،کامران اکمل نے 5،خرم منظور نے 4،مختار احمد نے 3اور شرجیل خان نے 3سنچریاں سکور کیں۔
پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ہی بابر اعظم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگ گئے ہیں جبکہ صارفین کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان کی تعریفوں کے پل باندھے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ بابر اعظم اس وقت آئی سی سی کی ٹی 20رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ون ڈے درجہ بندی میں ان کی پہلی پوزیشن ہے۔