پیریڈ طویل تھا، کوشش جاری رکھی اور آج کرکے دکھا دیا: بابر اعظم

Published On 15 November,2025 12:40 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سٹار قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ جدوجہد کا پیریڈ کافی طویل تھا لیکن میں نے کوشش جاری رکھی اور آج کر کے دکھا دیا۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ فینز نے سپورٹ کیا، وہی مجھے حوصلہ دیتے ہیں، گزشتہ سیریز میں سٹارٹ اچھا ملا، بدقسمتی سے اس وقت اچھا نہیں کھیل سکا، اننگز سٹارٹ ہوئی تو یہی تھا کہ فخر کے ساتھ مل کر بہترین کھیلوں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کے مطابق کھیلنے کیلئے اپنے آپ کو واپس لانے میں کامیاب ہوا، جب بھی سنچری کرتے ہیں تو حوصلہ ملتا ہے، جب پرفارم نہیں کر رہا ہوتا تو مختلف خیالات ذہن میں آتے ہیں، ہر کسی نے حوصلہ دیا اور جب اللہ کریم آپ کو نوازنا چاہتا ہے تو پھر آپ کو ملتا ہے۔

بابر اعظم کی ون ڈے میں دو سال بعد سنچری، کئی اعزاز اپنے نام کر لیے

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹف ٹائم گزرا لیکن اپنی فٹنس کو بہتر کیا، بہتر کرنے کی کوشش میں ہر روز کے پلان کو مکمل کریں، پھر نتیجہ آپ کو لازمی ملتا ہے، جب بھی کبھی مشکل وقت آئے اپنے اوپر اعتماد رکھیں، سب بہتر ہو جاتا ہے، شاہد اسلم منصور رانا ہیلپ کرتے ہیں۔

کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پرفارم نہ کر سکنے پر ہونے والی تنقید کو نظر انداز کرکے خود کو بہتری کیلئے متحرک رکھا، سب کھلاڑیوں نے ساتھ دیا، ان کا بیک کرنا میرے لیے بوسٹر تھا، فینز نے بھی نہیں چھوڑا، میرا کام کرکٹ کھیلنا اور گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، اسی پر توجہ ہے، جواب دینا میرا کام نہیں۔

خیال رہے کہ بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 2 سال بعد سنچری سکور کر کے کئی اعزاز اپنے نام کر لیے ہیں، بابر اعظم نے 115 گیندوں پر سنچری بنا کر ون ڈے کیریئر کی 20ویں سنچری سکور کی ہے۔