ٹی20ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ:نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 22 October,2021 04:35 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8وکٹوں سے شکست دیدی اور سپر 12راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ورلڈ ٹی 20کے پہلے مرحلے کے گروپ اے کے میچ میں آئرلینڈ نے نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز8وکٹوں کے نقصان پر 125رنز بنائے،پال سٹرلنگ نے سب سے زیادہ 38رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کیون او برائن25اورکپتان اینڈی بالبرائن21سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے،جین فرائی لنک نے سب سے زیادہ 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ڈیوڈ ویزے نے 2وکٹیں اپنے نام کیں۔

126رنز کا ہدف نمیبیا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 2وکٹوں کے نقصان پر 18اعشاریہ 3اوورز میں حاصل کرلیا،کپتان جیرہارڈ ایراسموس نے سب سے زیادہ 53رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناٹ اؤٹ رہے جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 14گیندوں پرجارحانہ ناقابل شکست 28سکور بنائے۔

 یاد رہے ٹی 20 ورلڈکپ میں سکاٹ لینڈ نے عمان کو 8 وکٹ سے جبکہ بنگلادیش نے پاپوا نیو گنی کو 84 رنز سے ہرا کر سپر 12 میں کوالیفائی کرلیا۔

پہلے مرحلے کے گروپ اے میں سری لنکا اور نمیبیا کی ٹیمیں سپر 12کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

Advertisement