شائقین میچ میں خاموش رہ کر نیوزی لینڈکو بھاگنے کا موقع نہ دیں:شعیب اختر کے طنزیہ وار

Published On 26 October,2021 06:07 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پرطنزیہ وار کرتے ہوئے پاکستانی شائقین کو میچ کے دوران خاموش رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنی حس مزاح کا ایک مرتبہ پھر بھرپور استعمال کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے کا طنزیہ انداز میں جواب دیا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں سابق سپیڈ سٹار نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ پاک کیوی میچ میں خاموش رہ کر نیوزی لینڈ ‏کو کسی بھی قسم کا میچ سے بھاگنے کا موقع نہ دیں۔

شعیب اختر نے لکھا کہ سٹیڈیم میں بہت زیاہ شور کی وجہ سے کہیں نیوزی لینڈ ٹیم ‏سکیورٹی کو بہانہ بنا کر میدان سے بھاگ ہی نہ جائے۔

واضح رہے کہ سیکورٹی کو بہانہ بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں ٹی 20ورلڈ کپ میں پنجہ آزما ہونے جارہی ہیں جبکہ گرین شرٹس کے پاس بلیک کیپس کو دورہ منسوخ کرنے کا جواب دینے کا سنہری موقع ہے۔
 

Advertisement