لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی والدہ کی وفات کے بعد مداحوں کے نام دکھ بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کی جانب سے لکھا گیا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں جن سے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرسکوں،جس طرح آپ سب نے اس تکلیف دہ وقت میں میرا اور میرے خاندان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ماں جی اب ہم میں نہیں لیکن ان کی دعائیں اور دیئے گئے اسباق ہم سب کے ساتھ رہیں گے۔ملک بھر سے آنے والے تمام بہن بھائیوں کا بہت مشکور ہوں۔
سابق سپیڈ سٹار نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کورونا کی پھر سے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر درخواست کروں گا کہ ہم گھر والوں کو اب کچھ وقت اکیلے درکار ہے ، اس لئے اب بس جہاں ہیں وہاں رہتے ہوئے والدہ کے لئے دعاکریں۔
یاد درہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، کرکٹرز سمیت دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے اعلیٰ درجات کیلئے دعائے مغفرت کی تھی۔
شعیب اختر کی والدہ کو بیماری کے سبب ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ سابق کرکٹر نے والدہ کی وفات کی اطلاع ٹویٹر پیغام کے ذریعے دی تھی۔