فیصل آباد پولیس نے فیسکو کی بجلی چوری کے 50 فیصد سے زائد مقدمات کا اندراج نہیں کیا

Published On 11 January,2022 09:23 am

فیصل آباد : (دنیا نیوز) پولیس کی سُستی فیسکو کی کروڑوں روپے کی ریکوری لے ڈوبی، فیصل آباد میں گذشتہ سال پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف فیسکو کی 50 فیصد سے زائد درخواستوں پر مقدمات کا اندراج نہیں کیا جس سے بجلی چوروں کی چاندی ہو گئی۔

بجلی چوری قومی جرم ہے لیکن فیصل آباد میں بجلی چوروں کے خلاف قانونی کاروائیوں میں تاخیر سے بجلی چوری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ فیسکو ریجن میں فیسکو ٹیموں نے گذشتہ سال 20 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد کی بجلی چوری پکڑی، بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے لئے 5558 استغاثے دئیے گئے جن میں سے صرف 2534 کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ 3 ہزار سے زائد درخواستیں التواء کا شکار ہیں۔

فیسکو ترجمان کے مطابق زیر التواء مقدمات کے لئے پولیس حکام کے ساتھ رابطہ میں ہیں ۔ پولیس نے جہاں 3ہزار سے زائد مقدمات کا اندراج نہ کرکے بجلی چوروں کو کھلی چھوٹ دی وہیں 25 سو سے زائد درج مقدمات میں سے بھی صرف 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے جلد ہی زیر التواء مقدمات کا اندراج بھی ہوجائے گا ۔

بجلی چوروں کے خلاف قانونی کاروائی میں تاخیرسے جہاں محکمہ کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا وہیں کھلی چھوٹ ملنے سے بجلی چوروں کی بھی خوب چاندی ہوئی۔
 

Advertisement