پہلا ون ڈے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی

Published On 09 January,2023 10:31 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی، پاکستان نے 256 رنز کا مقررہ ہدف 49 ویں اوور کی پہلی بال پر پورا کر لیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے تھے، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کھلاڑیوں نے پُر اعتماد انداز میں بیٹنگ کی، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری، امام الحق بریسول کی گیند پر شفلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ 108 رنز پر فخر زمان کی گری جنہوں نے 56 سکور بنائے، وہ بھی بریسول کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم تھے جو 168 کے مجموعے پر گلین فلپس کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور حارث سہیل نے بہترین انداز سے کھیلتے ہوئے پاکستان کا سکور 232 تک پہنچایا، جہاں حارث سہیل ساؤتھی کی گیند پر سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پھر آغا سلمان کریز پر محمد رضوان کا ساتھ دینے آئے اور 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا، محمد رضوان نے 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 86 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلرنسیم شاہ بہترین باؤلنگ کی بنا پر مین آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 اس سے قبل نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر رنز255 سکور بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل 43 اور وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے،گلین فلپس 37، ڈیرل مچل 36، فِن ایلن 29، کپتان کین ولیم سن 26، مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،ٹِم ساؤتھی 15 جبکہ لوکی فرگوسن 1 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیوٹنٹ اسامہ میر 2 جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز 1،1 وکٹ لے سکے۔

نائب کپتان بنائے جانے والے شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان ٹیم میں شامل نہیں،قومی ٹیم میں لیگ اسپنر اسامہ میر نے ون ڈے میں ڈیبیو کیا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اسامہ میر کو ون ڈے کیپ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: 3 فارمیٹ، 3 کپتان: ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئے فارمولے پر غور شروع

مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے،کپتان، ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی نے شان مسعود کو میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ٹیم

فخر زمان، امام الحق، کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، حارث سہیل، سلمان آغا، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، حارث رؤف، نسیم شاہ۔

نیوزی لینڈ ٹیم

فن ایلن، ڈیون کانوے، کپتان کین ولیمسن، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر، ہنری شپلی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن۔