لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ بورڈ نے رواں برس ہونے والے دی ہنڈرڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پلیئرز ڈرافٹ کیلئے پاکستان سے 58 مرد اور 8 خواتین کرکٹرز کی رجسٹریشن کی ہے۔
مینز ہنڈرڈ میں شاہین آفریدی، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو ایک لاکھ پاؤنڈ کی ریزرو پرائس کے ساتھ جبکہ محمد عامر، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو 60 ہزار پاؤنڈ کی ریزرو پرائس کے ساتھ مقرر کیا گیا ہے، پاکستان کے شاداب خان کو برمنگھم فونیکس کے سکواڈ میں برقرار رکھا گیا تھا۔
مینز ہنڈرڈ ڈرافٹ کیلئے حسن علی، فہیم اشرف اور فخر زمان کی 50 ہزار، حفیظ اور عماد وسیم کی ریزرو پرائس 40 ہزار پاؤنڈ طے کی گئی ہے۔
پاکستان کے دیگر کھلاڑی ہنڈرڈ کے ڈرافٹ میں بغیر کسی ریزرو پرائس کے رجسٹرڈ ہیں، بغیر ریزرو پرائس کے رجسٹرڈ پلیئرز میں ابراراحمد، سرفراز احمد، عمر اکمل، آصف علی حیدر علی، صائم ایوب، شاہنواز دھانی، عماد بٹ، محمد حسنین، محمد حارث، اعظم خان، شرجیل خان، صہیب مقصود، شان مسعود، محمد نواز، عثمان قادر، رومان رئیس، وہاب ریاض، عبداللہ شفیق، خوشدل شاہ، امام الحق اور عامر یامین شامل ہیں۔
ویمن ہنڈرڈ کیلئے پاکستان کی 8 خواتین کرکٹرز رجسٹرڈ
دوسری جانب ویمن ہنڈرڈ کیلئے بھی پاکستان کی 8 خواتین کرکٹرز رجسٹرڈ ہوئی ہیں جن میں فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ 25 ہزار پاؤنڈ ریزرو پرائس کے ساتھ دوسری مہنگی ترین پلیئرز کی فہرست میں شامل ہیں۔
پاکستان کی جویریہ رؤف 18 ہزار 750 پاونڈ کی ریزرو پرائس کے ساتھ ویمن ہنڈرڈ کے ڈرافٹ میں شامل ہیں۔
ارم جاوید، ندا ڈار، فاطمہ ثناء، عروج شاہ، منیبہ صدیقی اور ماہم طارق بغیر ریزرو پرائس کے رجسٹرڈ ہوئی ہیں، یکم اگست سے ہونیوالے دی ہنڈرڈ کے پلیئرز ڈرافٹ 23 مارچ کو منعقد ہوں گے۔