لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے لیے رینکنگ کی بنیاد پر کوالیفائی کر لیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈکپ 2024 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان ویمنز ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کی 6 ٹاپ ٹیموں اور میزبان ملک کے بعد بہتر رینکنگ کی ٹیم قرار پائی۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے8 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے جبکہ دو ٹیمیں گلوبل کوالیفائر سے آئیں گی۔
8 ٹیموں نے جنوبی افریقا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کی بنیا د پر کوالیفائی کیا، ہر گروپ کی ٹاپ 3 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔
گروپ ون سے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے براہ راست کوالیفائی کیا جبکہ گروپ ٹو سے انگلینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز نے براہ راست کوالیفائی کیا۔
بنگلا دیش نے میزبان کی حیثیت سے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ پاکستان ان ٹیموں کے بعد بہتر رینکنگ پر موجود ٹیم ہے، رواں برس ورلڈکپ کھیلنے والی سری لنکا اور آئر لینڈ کی ٹیمیں براہ راست اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں۔