ممبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) November 7, 2023
آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 46.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، گلین میکسویل کی شاندار ڈبل سنچری نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) November 7, 2023
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا گیا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 18، مچل مارش 24، مارنس لبوشین 14، مارکس سٹوئنس 6، مچل سٹارک 3 رنز جبکہ ٹریوس ہیڈ اور جوش انگلس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
— Afghanistan Cricket Board (@ACBofficials) November 7, 2023
افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور رحمان اللہ گرباز 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی دوسری وکٹ 121 کے مجموعی سکور پر گری جب رحمت شاہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر چلتے بنے۔
افغانستان کے اوپنر بلے باز ابراہیم زادران نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا ، وہ 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 129 رنز اور راشد خان 35 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) November 7, 2023
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔