ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم بڑے انعام کی حق دار قرار

Published On 13 November,2023 07:25 am

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء کے لیگز میچز میں ناقص کارکردگی کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم بڑے انعام کی حق دار قرار پائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل دوسری بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہنے کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی حالیہ ورلڈ کپ مہم میں قابل ذکر مالی فوائد سمیٹنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

قومی ٹیم کو رواں ٹورنامنٹ کے دوران اپنے 9 لیگ میچز میں سے چار میں کامیابی ملی اور 5 میں شکست ہوئی، گروپ مرحلے میں میچ جیتنے والی ٹیم کو 40,000 ڈالرز ملتے ہیں یوں پاکستان کو چار میچ جیتنے پر کُل 160,000 ڈالرز ملیں گے۔

سیمی فائنل سے پہلے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ہر ٹیم کو 100,000 ڈالر انعام دیا جائے گا، یوں ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو کُل انعامی رقم کے طور پر 2 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالرز ملیں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز، رنر اپ کو 20 لاکھ ڈالرز جبکہ سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو آٹھ، آٹھ لاکھ ڈالرز انعامی رقم دی جائے گی۔