کرکٹ کی دنیا کے نئے بادشاہ کا فیصلہ آج ، بھارت اور آسٹریلیا مدمقابل ہونگے

Published On 19 November,2023 08:19 am

احمد آباد: (دنیا نیوز) شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہونے کو ہے، ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا شروع ہونے میں چند گھنٹے رہ گئے۔

کرکٹ کی دنیا کا نیا بادشاہ کون بنے گا اس کا فیصلہ آج ہوگا، فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے، دونوں ٹیمیں بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں دوپہر ڈیڑھ بجے مدمقابل آئیں گی۔

میگا ایونٹ کے فائنل میں بھارت کے کوہلی اور شرما کا بلے چلے گا یا کلدیپ اور جدیجا گگلی کا جادو جگائیں گے۔

دوسری جانب گینگروز کی امیدیں ڈیوڈ وارنر، میکسویل اور ٹریوس ہیڈ سے جڑ گئیں، باؤلنگ میں مچل سٹارک، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا بھارتی بیٹرز کو دبوچنے کیلئے تیار ہیں۔

قبل ازیں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرایا۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل سے قبل احمد آباد کی پچ بھی تنازع کا شکار

واضح رہے کہ روہت شرما کی کپتانی میں بھارتی ٹیم 10 لگاتار میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی قیادت میں ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز میں کامیابی سمیٹی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 13 بار آمنے سامنے آئیں، جن میں 8 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی۔

ورلڈ کپ 2023 کے لیگ مرحلے میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم 8 ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلے گی، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

فائنل جیتنے والی ٹیم کے لئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

فائنل معرکے سے قبل اختتامی تقریب سجے گی
کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل معرکے سے قبل اختتامی تقریب بھی سجے گی، ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب کو 4 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلی تقریب میں بھارتی ایئر شو کا مظاہرہ کیا جائے گا، پہلی اننگز میں پانی کے وقفے کے دوران اور پہلی اننگز کے اختتام پر بھارتی گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

دوسری اننگز میں پانی کے وقفے کے دوران لیزر لائٹ شو منعقد کیا جائے گا، ورلڈ کپ کے فائنل میں بی سی سی آئی نے ورلڈ کپ جیتنے والے تمام سابق کپتانوں کو بھی مدعو کر رکھا ہے۔