سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ کی پاکستان ٹیم پر سخت تنقید

Published On 07 January,2024 02:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ’’بدترین ایشیائی ٹیم‘‘ قرار دے دیا۔

سڈنی ٹیسٹ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر نے پاکستانی ٹیم کیخلاف سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی سرزمین پر اس سے قبل گرین شرٹس کی ایسی بدترین ٹیم نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار کم بیک کیا لیکن دوسری اننگز میں لیڈ لینے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی، پاکستان کا موازنہ بھارت سے ہوتا ہے، ہندوستان نے سخت چیلنجز کے باوجود جنوبی افریقہ میں میچ جیتا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف 2 بار سیریز اپنے نام کی۔

سابق کرکٹر نے سوال اٹھایا کہ آپ مجھے بتائیں پاکستان نے گزشتہ 35 سالوں میں ایسا کچھ جیتا ہو؟

انہوں نے کہا کہ ’یہ میں نے آسٹریلیا کی سرزمین پر اب تک کی بدترین ایشیائی ٹیم دیکھی ہے، وہ ڈرائیونگ سیٹ پر تھے اور اچانک آپ نے 15 منٹ کے وقفے میں 5 وکٹیں گنوادیں؟‘ ان کے مداح کل ہندوستان کا مذاق اڑا رہے تھے لیکن کم از کم وہ میچ جیت گئے۔