لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بے سہارا و یتیم بچوں کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا چوتھا ٹی 20 میچ سٹیڈیم میں دیکھنے کی دعوت دے دی۔
140 بے سہارا و یتیم بچے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے مہمان خاص ہوں گے، ان بچوں کی میچ کے دوران مہمان نوازی بھی کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر بے سہارا و یتیم بچوں کے لیے فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹس فراہم کر دیئے گئے ہیں، پی سی بی حکام نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سے رابطہ کیا اور بچوں کے لیے ٹکٹس مہیا کر دیئے۔
اس حوالے سے محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بے سہارا اور یتیم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی یہ حقیر سی کاوش ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔