لاہور: (دنیا نیوز) ٹریفک پولیس نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چوتھے ٹی 20 میچ کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی ٹی 20 سیریز کا چوتھا میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے حوالے سے ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان جاری کردیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو ٹریفک کیلئے بند نہیں رکھا جائے گا، ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص سڑکوں کو کچھ لمحوں کے لئے بند کیا جائے گا، موومنٹ ہوتے ہی تمام ڈائیورشنز کو ہٹا دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس روائتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ متعلقہ راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے 3 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز،140 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے، قذافی سٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر ایک ہزار سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔
عمارہ اطہر نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت اور سٹیڈیم تک باآسانی رسائی کیلئے 3 پارکنگ سٹینڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور روڈ گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ میں پارکنگ کرسکیں گے، شہری براستہ سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ میں گاڑیاں پارک کر سکیں گے جبکہ شائقین کرکٹ سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں گاڑیاں بھی پارک کر سکیں گے۔