لاہور:(دنیا نیوز) آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی دو روزہ دورے پر ڈبلن پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی فوری آئرلینڈ پہنچ گئے۔
چیئرمین پی سی بی نے کوچ اظہر محمود اور کپتان بابر اعظم کے ساتھ ملاقات کی جس میں آئرلینڈ کے خلاف شکست کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی پرفارمنس پر گفتگو کی گئی۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوران محسن نقوی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ کے کرکٹ حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں مینز، ویمن اور جونیئر ٹیموں کے درمیان میچز کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔
واضح رہےفاسٹ باؤلر محمد عامر بھی محسن نقوی کے ہمراہ آئرلینڈ پہنچے ہیں اور انہوں نے سکواڈ کو جوائن کر لیا۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 اتوار کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈ کپ میں بھی آئرلینڈ پاکستان کے ہی گروپ میں ہے۔