ٹی 20 ورلڈ کپ: سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ

Published On 04 June,2024 07:07 pm

برج ٹاؤن: (دنیا نیوز) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے درمیان ہونیوالے میچ کو بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

برج ٹاؤن میں ہونیوالے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں سکاٹ لینڈ کے کپتان رچی برنگٹن نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روکنا پڑا، اس سے قبل ٹاس کے بعد بارش کے باعث میچ کا آغاز بھی تاخیر سے ہوا تھا۔

بارش رکنے کے بعد میچ کو 10 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، سکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف مقررہ 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 90 رنز بنائے، مائیکل جونز 45 اور جارج مونسی 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 109 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم بارش کی وجہ سے انگلش ٹیم کی اننگز شروع نہ ہوسکی اور میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔