لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کے سخت نوٹس پر نیویارک میں قومی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو سہولیات کی عدم فراہمی پر تحفظات کا اظہار کیا، محسن نقوی نے ایونٹ کے منتظمین کو پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی ٹیم نے پہلے جس ہوٹل میں قیام کرنا تھا وہ سٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پر تھا ، تبدیل شدہ ہوٹل سٹیڈیم سے پانچ منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔
محسن نقوی نے آئی سی سی کو کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جن میں نیویارک میں 9 اور 11 جون کے میچز بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی پر واضح کردیا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پی سی بی کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کردیں گے، قومی کرکٹ ٹیم بورڈ کی ذمہ داری ہے اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا پہلے ہی نیویارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کو امریکا کے خلاف میچ کے فوراً بعد نیویارک روانہ ہوگی، شاہینوں کا 9 جون کو روایتی حریف بھارت اور 11 جون کو کینیڈا جوڑ پڑے گا جبکہ قومی ٹیم کا پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔