ڈیلس: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں امریکا کے خلاف میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن ہوا جس میں آل راؤنڈر عماد وسیم نے باؤلنگ کا آغاز کیا۔
آپشنل پریکٹس سیشن میں قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں نے شرکت کی، فاسٹ باؤلر محمد عامر، عماد وسیم ، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی اور عثمان خان نے پریکٹس میں حصہ لیا۔
عماد وسیم ری ہیب عمل جاری رکھنے کے لیے پریکٹس سیشن میں موجود تھے۔
امریکی شہر ڈیلس میں پریکٹس سیشن کے دوران پسلی تکلیف کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر عماد وسیم آج میزبان ملک امریکا کیخلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
انجری کے باعث عماد وسیم کو میگا ایونٹ کے آج ہونے والے پہلے میچ میں آرام دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ابرار احمد کو موقع ملنے کا قوی امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کپتان بابراعظم نے تصدیق کی تھی کہ آل راؤنڈر سائیڈ سٹرین انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں پہلے میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے ، عماد کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں آئندہ میچز میں کھلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم امریکا کے بعد 9 جون روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آئے گی، جس میں عماد وسیم پلیئنگ الیون کا حصہ ہوسکتے ہیں۔