پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

Published On 08 July,2024 09:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ممکنہ شیڈول سامنے آ گیا۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی ممکنہ تاریخوں کا شیڈول آئی سی سی کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا جس کے مطابق ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کے وینیوز (کراچی، لاہور اور راولپنڈی) پر منعقد ہو گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز لاہور میں ہی کھیلے گی جبکہ ایونٹ میں یکم مارچ کو پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ اعلان سے قبل منظر عام پر آنے والے ممکنہ شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں کو گروپ بی میں شامل گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، 20 فروری کو لاہور میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوڑ پڑے گا، 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

23 فروری کو لاہور میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

25 فروری کو لاہور افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا جبکہ 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔

ذرائع کے مطابق 27 فروری کو لاہور میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کا میچ ہو گا، 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

یکم مارچ کو پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں ہوگا جبکہ 2 مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ میں جوڑ پڑے گا۔

5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے، پہلا سیمی فائنل گروپ اے کی ٹاپ اور گروپ بی کی نمبر 2 ٹیموں کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل گروپ بی کی نمبر ون اور گروپ اے کی نمبر ٹو کے درمیان ہو گا۔

اب تک سامنے آنیوالے ممکنہ شیڈول کے مطابق 9 مارچ کو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔