لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ عثمان وحید اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق عثمان وحید چیمپئنز ایونٹ کےلیے اہداف حاصل نہ کر سکے، پی سی بی نے پہلی مرتبہ تینوں فارمیٹ کے چیمپئنز کپ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی چیمپئنز ایونٹس کو ڈومیسٹک کرکٹ کا فیس بنانے کے خواہشمند ہیں، جس کےلیے انہوں نے مختلف اہداف دیے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ رائٹس کے حوالے سے بھی عثمان وحید ٹارگٹ پورے نہ کر سکے، مقامی اور بین الاقوامی رائٹس بیچنے پر پی سی بی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سپانسرز کے حصول، بڈ پراسیس اور دیگر اہداف میں ناکامی پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ نے عہدہ چھوڑ دیا۔