لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین اور تین کمیٹی ممبران کی آڈٹ رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں نجم سیٹھی ،شکیل شیخ، ہارون رشید اور اعزاز سید سے الاؤنسز کی مد میں خرچ کیے گئے پیسے واپس لینے کا حکم جاری کردیا گیا، چاروں ممبران کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے ممبران کو غیر مجاز میٹنگ اور ڈیلی الاؤنسز کی مد میں 16 ملین روپے سے زائد خرچ کیے گئے، نجم سیٹھی، شکیل احمد شیخ، محمد ہارون رشید اور اعزاز سید کو 2022-23 کے مالی سال میں 16 ملین روپے کے میٹنگ اور ڈیلی الاؤنسز ادا کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کو الاؤنس کی مد میں 46 لاکھ 60 ہزار سے زائد ادا کیے گئے، شکیل شیخ کو الاؤنس کی مد میں 42 لاکھ 60 روپے، سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید کو الاؤنس کیلئے 35 لاکھ روپے جبکہ پی سی بی، بی او جی ممبر اعزاز سید کو الاؤنس کی مد میں 39 لاکھ 60 ہزار روپے دیے گئے،
دسمبر 2022 سے جون 2023 کے دوران بی او جی کی صرف پانچ میٹنگز منعقد ہوئیں، پی سی بی کے بی او جی ممبران کو شہر سے باہر سفر کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر دس ہزار روپے دیے جاتے ہیں، ملک سے باہر سفر کرنے پر پی سی بی کے بی او جی ممبران کو 300 ڈالر روانہ کیلئے ادا کیے جاتے ہیں جبکہ انگلینڈ جانے پر 400 ڈالر روزانہ کے ادا کیے جاتے ہیں۔