پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان

Published On 20 September,2024 02:58 pm

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی کے بجائے اب ملتان میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 3 ٹیسٹ میچوں کا دوسرا ٹیسٹ میچ اصل میں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک پلان کیا گیا تھا۔

یہ میچ اب ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو ٹیسٹ اصل پروگرام کے مطابق کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹیسٹ میچ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہو گا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کو کراچی سے ملتان منتقل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے نیشنل بینک سٹیڈیم میں بڑے پیمانے تعمیراتی پر کام جاری ہے۔