چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی وفد تیاریوں کا جائزہ لینے پنڈی سٹیڈیم پہنچ گیا

Published On 19 September,2024 05:45 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں آئی سی سی کا 5 رکنی وفد پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ گیا ہے۔

آئی سی سی وفد میں جنرل مینجر وسیم خان، سینئر مینجر ایونٹ سارہ ایڈگر، چیمپئنز ٹرافی اوینٹ لیڈ عون محمد، سیکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر اور براڈکاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل ہیں۔

آئی سی سی کے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ پی سی بی آفیشلز بھی موجود ہیں، آئی سی سی کے وفد نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے مختلف حصوں، خصوصاً ڈریسنگ روم کا معائنہ کیا، وفد نے اپنے چار روزہ دورے کا آغاز گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم کراچی سے کیا تھا۔

پنڈی سٹیڈیم کے بعد وفد قذافی سٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا تاکہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے، آئی سی سی کا یہ پانچ رکنی وفد 21 ستمبر کو واپس دبئی روانہ ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے، اور اس دورے کا مقصد ملک میں کرکٹ سٹیڈیمز کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔