چیمپئنز کپ: آصف علی قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے پرعزم

Published On 19 September,2024 10:43 am

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر آصف علی نے قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے چیمپئنز کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر کم بیک کرنے کا عزم کر لیا۔

آصف علی نے کہا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنے کی مکمل تیاری کے ساتھ یہ سوچ کر آئے ہیں کہ یہاں اچھا پرفارم کریں اور دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بنائیں۔

جارح مزاج بیٹر نے اپنی بیٹنگ پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ڈیبیو سے پہلے چوتھے نمبر پر ہی اچھی کارکردگی دکھا کر آیا تھا، جب نمبر چار سے نمبر چھ پر جاتے ہیں تو بہت کچھ تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے اور جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں۔

آصف علی نے کہا کہ چیمپئنز کپ میں پلیئرز کو اس پوزیشن پر ہی کھلایا جا رہا ہے جہاں انٹرنیشنل میں ان سے کھیلنا درکار ہو سکتا ہے۔

مارخورز کے خلاف میچ میں نصف سنچری پر بات کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ اس وقت سب کی نظریں پاکستان ٹیم کی سلیکشن پر ہے، اپنی حالیہ پرفارمنس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور اگر میچ بھی جیت جاتے تو زیادہ خوشی ہوتی۔