فیصل آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت کرکٹرزموجود ہیں جنہیں صرف معمولی ایڈجسٹمنٹ، نفاست اور فائن ٹیوننگ کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے یہ بات فیصل آباد کے نجی ہوٹل میں چیمپئنز کپ کے مینٹورز اور ہیڈ کوچز سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کی، گیری کرسٹن نے مینٹورز اور ہیڈ کوچز کے ساتھ چیمپیئنز کپ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جس میں ملک کے صف اول کے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔
گیری کرسٹن نے تعاون، معلومات کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا، گیری کرسٹن نے مینٹورز اور ہیڈ کوچز کو مشورہ دیا کہ وہ کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لئے اپنے ایکسپوژر، قد اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہیں۔