لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے کرکٹرز کے فٹنس مسائل کی بروقت تشخیص کے لیے کنسلٹنٹ سپورٹس میڈیسن کی تقرری کا فیصلہ کر لیا۔
انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کی سطح پر کرکٹرز کو تکلیف کی تشخیص میں مسائل کا سامنا رہا ہے اس لیے اب کنسلٹنٹ سپورٹس میڈیسن کی تقرری کی فیصلہ کیا گیا ہے جو کرکٹرز کے مسائل کی بروقت تشخیص، علاج اور ری ہیب کا ذمہ دار ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کنسلٹنٹ سپورٹس میڈیسن کی تلاش شروع کر دی ہے جس کے لیے اشتہار بھی دے دیا گیا ہے۔
کنسلٹنٹ قومی اور ڈومیسٹک فزیوز اور ٹرینرز کے ساتھ رابطہ رکھ کر کھلاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائے گا، کنسلٹنٹ کے لیے ایم بی بی ایس کی ڈگری کے ساتھ 10 سالہ تجربے، سپورٹس کلچر کی سمجھ بوجھ اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو عہدے کے لیے اہلیت قرار دیا گیا ہے۔
کنسلٹنٹ سپورٹس میڈیسن کے عہدے کے خواہش مند امید وار 10 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مستعفی ہونے کے بعد سے ڈائریکٹر میڈیکل کا عہدہ خالی پڑا ہے۔