چیمپئنز ٹرافی ، بھارت کا انکار: حکومت کی پی سی بی کو اصولی مؤقف اپنانے کی ہدایت

Published On 11 November,2024 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شمولیت کے انکار کے معاملے پر حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اصولی اور سخت مؤقف اپنانے کی ہدایت کردی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ماضی میں کئی بار آئی سی سی ایونٹس میں مختلف ٹیموں نے دوسرے ممالک میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کیا مگر نہ تو ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل پر شفٹ ہوا نہ ہی میزبانی کا مقام تبدیل کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ 1996 میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنے سے انکار کیا، 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا میں اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا، تب آئی سی سی نے نہ تو ہائبرڈ ماڈل پر غور کیا اور نہ ہی کسی ملک کا دورہ کرنے سے انکار کرنے والی ٹیموں کے لئے مقام تبدیل کیا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کسی قسم کا کوئی ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کیا جائے گا، آئی سی سی کو اپنے ٹورنامنٹ کو سیاست سے ہائی جیک نہیں ہونے دینا چاہیے۔