لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کیلئے زمبابوے کے ویزے کے اجراء کا پروسیس شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق ویزے کے اجراء پر عاقب جاوید پہلی دستیاب فلائٹ سے زمبابوے روانہ ہونگے، قومی سکواڈ آسٹریلیا کیخلاف آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے بعد زمبابوے پہنچےگا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے اور آئندہ سیریز میں عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جارہا ہے، وائٹ بال ہیڈ کوچ کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اب ملکی کوچ کو مستقل ذمہ داری دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عاقب جاوید کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کاامکان
یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ عارضی طور پر ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورۂ آسٹریلیا کے لیے کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف بھی سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔