لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقا میں 27 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
شان مسعود نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی فالو آن اننگ میں 145 رنز کی باری کھیلتے ہوئے جنوبی افریقی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں کسی بھی پاکستانی بیٹر کے سب سے زیادہ انفرادی سکور کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود نے 1998 میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں 136 رنز بنائے تھے، اس کے علاوہ شان مسعود جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔
واضح رہے جنوبی افریقا نے پاکستان کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔