چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی وفد آج پنڈی سٹیڈیم کا دورہ کرے گا

Published On 11 January,2025 10:21 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان آنے والا آئی سی سی وفد دوسرے مرحلہ میں آج پنڈی کرکٹ سٹڈیم کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا 6 رکنی وفد راولپنڈی کے سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لے گا، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ و دیگر متعلقہ حکام جاری تزئن و آرائش کے عمل سے بریفنگ دیں گے۔

19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پنڈی سٹیڈیم میں 3 میچز کھیلے جائیں گے، 24 فروری کو بنگلا دیشں کا نیوزی لینڈ، اگلے روز 25 فروری کو آسٹریلیا کا جنوبی افریقا اور 27 فروری کو پاکستان کا بنگلا دیش سے مقابلہ ہو گا۔

پاکستان کے دورے کے آخری مرحلے میں آئی سی سی وفد لاہور آئے گا اور قذافی سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے گا، وفد نے جمعرات کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی کا چوتھا وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔