لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی سکواڈ جمع کرانےکی آج آخری تاریخ ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ایونٹس کے لیے ٹیموں کو طے شدہ طریقہ کے مطابق سپورٹ پریڈ سے ایک ماہ قبل نام جمع کرانے ہوتے ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سپورٹ پریڈ 12 فروری سے شروع ہو گا۔
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان طریقہ کار پورا کرنے کے لیے آئی سی سی کو نام بھجوا دے گا تاہم پاکستان کا ابتدائی سکواڈ کا اعلان کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے، چیمپئنز ٹرافی کے حتمی سکواڈ کے اعلان کے لیے صائم ایوب کی فٹنس کا انتظار کیا جائے گا، صائم ایوب کے حوالے سے فیصلہ ہونے پر ہی چیمپئنز ٹرافی سکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکواڈز کو حتمی شکل 11 فروری تک دی جا سکتی ہے، اس کے بعد آئی سی سی کی منظوری درکار ہوگی۔
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان نے سہ فریقی سیریز کھیلنی ہے، سہ فریقی سیریز کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنے والے سکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہیں، سہ فریقی سیریز کے لیے فخر زمان کو موقع دیے جانےکا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے جبکہ سہ فریقی سیریز والی ٹیم کو ہی چیمپئنز ٹرافی کے لیے میدان میں اتارا جائے گا۔