ملتان ٹیسٹ کا دوسرا روز، پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ

Published On 18 January,2025 10:54 am

ملتان: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ملتان میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد رضوان اور سعود شکیل نے کھیل کا آغاز کیا تاہم سعود شکیل زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 84 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے آنیوالے بلے باز سلمان آغا بھی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 2 رنز بنا کر چلتے بنے اور نعمان علی بغیر کھاتہ کھولے ہی رن آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان 71 رنز پر ہمت ہار گئے۔

ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے یوں پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومل ویریکن نے 3،3، کیون نے 2 اور گوداکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلا دن

ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم میچ کا شاندار آغاز نہ کر سکی اور ابتداء ہی میں قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی پویلین چلتے بنے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری، ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر محمد ہریرہ 11 گیندوں کے عوض 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان شان مسعود بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔

نئے آنیوالے بلے کامران غلام بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ تجربہ کار بیٹر بابر اعظم تاحال اپنی خراب فارم سے چھٹکارہ نہ پا سکے اور 20 گیندوں پر صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔

قومی ٹیم

دوسری جانب قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان ، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔

نوجوان کرکٹر محمد ہریرہ کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ڈیبیو ہوا ہے۔