پاکستان کو نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ

Published On 01 April,2025 07:01 pm

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ منگل کو کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں اپنے اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان نے وقت کے حساب سے دو اوورز کم کرائے جس کے نتیجے میں یہ جرمانہ عائد کیا گیا، جرمانے کا فیصلہ میچ ریفری نے وقت کے الاؤنسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت ہر اوور کم کرانے پر ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد ہوتا ہے اور اسی بنیاد پر پاکستان ٹیم کو مجموعی طور پر 10 فیصد میچ فیس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا۔