پاکستان کرکٹ ٹیم پر ایک بار پھر جرمانہ عائد

Published On 04 April,2025 08:56 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم پر نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی سلو اوور ریٹ کے سبب جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم پر یہ جرمانہ متعین کردہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر عائد کیا گیا ہے۔

ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان محمد رضوان کو خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

میچ ریفری جیف کرو نے یہ جرمانہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت عائد کیا جو اوور ریٹ سے تعلق رکھتا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں بھی پاکستان پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔