گُھٹنے کی انجری: انگلش فاسٹ بولر زمبابوے اور بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

Published On 04 April,2025 05:36 pm

لندن: (ویب ڈیسک)انگلینڈ کے فاسٹ بولر اولی اسٹون گُھٹنے کی انجری کے باعث اس سال زمبابوے اور بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچز سے باہر ہوگئے۔

اولی اسٹون نے دائیں گھٹنے کی سرجری کرائی ہے اور انہیں 14 ہفتے کی بحالی درکار ہوگی۔

اسٹون نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف دو ہوم ٹیسٹ میچز میں سات وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے لیے منتخب کیا گیا لیکن وہ کسی میچ میں شامل نہ ہو سکے۔

گزشتہ ماہ ابوظہبی میں ناٹنگھم شائر کی پری سیزن ٹریننگ کے دوران ان کے گھٹنے میں تکلیف بڑھ گئی جس کے بعد مزید اسکینز کے نتیجے میں سرجری کی ضرورت پیش آئی۔

اس انجری کے باعث اسٹون 22 مئی سے ٹرینٹ برج میں زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ اور بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز سے محروم رہیں گے تاہم وہ اگست میں لندن اسپرٹ کی جانب سے دی ہنڈریڈ میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔