پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز: آرمی چیف بھی میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے

Published On 17 May,2025 10:01 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا دوبارہ آغاز ہوگیا، آرمی چیف بھی میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے۔

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی سٹیڈیم میں موجود ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کشدیگی کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا اور پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔

بعد ازاں، پی سی بی نے بقیہ میچز کا شیڈول جاری کیا جس کے تحت راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں لیگ کے آخری 4 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ قذافی سٹیڈیم لاہور پلے آف مرحلے کی میزبانی کرے گا جس میں فائنل بھی شامل ہے۔

آج جب پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز ہوا تو گلوکار ساحر علی بگا اور اسرار شاہ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

دوسری جانب، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا، 7 مئی کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران لائٹس اچانک بند کردی گئی تھیں اور میچ 10 اوور بعد روک دیا گیا تھا۔

بعد ازاں، آئی پی ایل کا آغاز بھی 17 مئی سے ہی کیا گیا تاہم آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کے کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے دوبارہ بھارت آنے سے معذرت کرلی۔