ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: برمنگھم میں آج ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا منسوخ

Published On 20 July,2025 08:44 am

برمنگھم: (دنیا نیوز) کرکٹ کے شائقین کے لیے افسوسناک خبر آئی ہے، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں آج برمنگھم میں کھیلا جانے والا پاکستان اور بھارت کا بڑا میچ منسوخ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کی انتظامیہ ڈبلیو سی ایل نے میچ کو باقاعدہ طور پر منسوخ کر دیا۔

بھارتی کھلاڑیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پاکستان کی جانب سے سابق کپتان شاہد آفریدی کھیلیں گے تو وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

بھارتی ٹیم کے اہم کھلاڑی یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ اور دیگر نے بغض اور ذاتی اختلافات کی بنیاد پر شرکت سے انکار کیا، جس سے شائقین کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈبلیو سی ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے باقی تمام میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے جبکہ آج کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹس کی مکمل رقم شائقین کو واپس کر دی جائے گی۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی جانب سے کھیل کو کھیل کے بجائے سیاسی اور ذاتی بنیادوں پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے بین الاقوامی اسپورٹس کی روح کو نقصان پہنچتا ہے۔