ویمنز ورلڈکپ: جنوبی افریقی بیٹر نے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

Published On 07 October,2025 10:10 am

اندور: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں جنوبی افریقی بیٹر تزمین برٹز نے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، اندور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے نیوزی لینڈ ٹیم نے بیٹنگ کی جو 48 ویں اوور میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

کیویز کی جانب سے سوفی ڈیوائن نے 9 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی، بروک ہالیدے نے 45 رنز بنائے۔

جواب میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم نے ہدف تزمین برٹز اور سونے لوس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 41 ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، جنوبی افریقی بیٹر تزمین نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی، سونے لوس 83 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

اس سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کی تزمین برٹز نے نیا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا، وہ ویمنز کرکٹ میں ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والی پلیئر بن گئیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ میں تزمین برٹز نے نیوزی لینڈ کے خلاف سال 2025 کی پانچویں ون ڈے سنچری سکور کی جبکہ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی ساتویں سنچری تھی۔

اس سے قبل ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھارت کی سمرتی مندھانا کے پاس تھا جنہوں نے 2024 اور پھر رواں سال 4 سنچریاں سکور کیں۔