ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 107 رنز سے شکست

Published On 08 October,2025 09:11 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 کے 9 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دیدی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 36.3 اوورز میں 114 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، سدرہ امین 35 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء اور نشرہ سدھو 11، 11 رنز اور رامین شمیم 15 رنزبناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکیں۔

کولمبو میں ہونیوالے ویمنز ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، بیتھ مونی 109 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔

اننگز کے آغاز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کینگروز کی محض 76 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئیں تاہم بیتھ مونی اور آلانا کنگ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو 221 رنز تک پہنچا دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے بیتھ مونی نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ آلانا کنگ 51 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہیں۔

پاکستان کی جانب سے نشرہ سدھو نے 3، رامین شمیم اور فاطمہ ثناء نے 2، 2 جبکہ دانیہ بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔