وزیراعظم سے انڈر 19کرکٹ ٹیم کی ملاقات، ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

Published On 22 December,2025 02:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کی فاتح ٹیم نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم کی جانب سے ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کیا گیا، شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا, وزیراعظم کےہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی،وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، وزیراعظم نےبھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم نے ٹیم منیجمنٹ کے ہررکن کے لیے بھی 25،25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا امیدکرتاہوں کہ آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے ، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم نے سمیرمنہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا، شہباز شریف نےمحسن نقوی کو پی سی بی معاملات احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد دی۔

استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیاگیا ، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کھانہ بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی، کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر بھی وزیراعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ یہ پراسیس 17جون 2025سے شروع کیا جس میں 70نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل ہوئے، ٹرائل کے بعد 70میں سے30کھلاڑیوں کا کیمپس لگایا گیا، ایشیا کپ میں جانے سے پہلے مقصد تھا کہ کپ اورشائقین کے دل جیتیں گے۔

مایہ ناز کرکٹر سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیراعظم نے تمام نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے، تمام نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف نے بہت محنت کی تھی۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر19ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، امید ہے مستقبل میں یہ ٹیم مزید ٹرافیاں جیتے گی، وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی، سمیر احمد نے بہت بہترین اننگ کھیلی، عثمان خان نے بھی سمیر احمد کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔

کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ ہمیں پوری سپورٹ کررہی ہے، ایشیا کپ جیتنے میں تمام کھلاڑیوں کا اہم کردار ہے، مینجمنٹ نے ہمیں کہا آپ اپنی کرکٹ کھیلیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سرفراز احمد نے کہا ہار بھی گئے تو جیت آپکی اورہار ہماری ہے۔

کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ انڈر19 ایشیاءکپ میں انفرادی پرفارمینس نہیں دے پایا، ورلڈکپ میں انفرادی پرفارمینس دینےکی کوشش کروں گا، مینجمنٹ نے قومی انڈر19 کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا، مینجمنٹ نے نیچرل گیم کھیلنے کی تجویز دی،کسی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہوا، سب پر اعتماد تھے۔

سٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ بہت سادہ پلان تھا کہ وکٹ پر وقت گزارنا ہے، کرکٹ کھیلی اوراللہ نے عزت دی، پہلے میچ میں بھی اچھی اننگ کھیلی تھی، بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں تھا۔

سمیرمنہاس نے کہا کہ بھارت کے خلاف پچھلے میچ میں اپنی غلطی پر آؤٹ ہوا کوئی پریشر نہیں تھا، بورڈ پر اچھا ٹوٹل کردیں تو مخالف ٹیم پر کافی پریشرآجاتا ہے، سوچا یہی تھا کہ ٹیم کیلئے اچھے رنز کرنے ہیں۔

 سرفراز احمد نے کہا کہ ایک بڑا میچ تھا اس میں ہمارے کھلاڑیوں نے ایک بڑا سکور کیا ہے، یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیم کی بہترین کارکردگی کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اس بھارتی ٹیم کے خلاف کھیلا جو کرکٹ کو کھیل سمجھتی تھی، کل بھارتی کرکٹ ٹیم کا رویہ انتہائی غیر مناسب تھا، اپنے کھلاڑیوں کو کہا تھا سپورٹس مین سپرٹ دکھانی ہے، اپنے لڑکوں کو بولا بھارتی کھلاڑی جو کرتے ہیں ان کو کرنے دیں ،ہم نے اپنی کرکٹ کھیلنی ہے۔