کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایک ہفتے کے دوران دوسرے پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، نیو کراچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار احمد جعفری شہید ہوگیا، سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ شہر میں اب بھی کالعدم تنظمیوں کے سلیپر سیل موجود ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران دہشتگردوں کا قانون کے محافظوں پر دوسرا وار، نیو کراچی میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار احمد جعفری شہید ہوگئے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق مقتول کو اس وقت نشانا بنایا گیا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ پینشن لیکر واپس گھر آرہا تھا۔ راجہ عمر خطاب نے اعتراف کیا کہ شہر میں اب بھی کالعدم جماعتوں کے سلیپر سیل موجود ہیں۔ کالعدم تنظیموں اور ان کے کارندوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔
مقتول اہلکار احمد جعفری کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے مذہبی جماعت کے رہنماء مولانا مرزا یوسف بھی عباسی شہید ہسپتال پہنچے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شہید اہلکار احمد عباس کی نماز جنازہ ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں ادا کردی گئی۔