فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ امین پارک میں چند روز قبل قتل ہونے والی 2 بہنوں کی پوسٹمارٹم رپورٹ مکمل کرلی گئی، دونوں بہنوں کی موت گلا کاٹنے سے ہوئی۔
تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ امین پارک کی رہائشی 2 بہنوں ثناء اور صباء کی 4 روز قبل گھر سے گلے کٹی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، دونوں لاشوں کی پوسٹمارٹم رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں کو تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا ہے جبکہ مقتولہ ثناء کے بازوؤں پر بھی تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس نے دونوں بہنوں کے قتل کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں 2 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ بٹالہ کالونی میں درج کر رکھا ہے۔ دونوں بہنوں کے قتل کے شبہ میں ان کے رشتہ داروں سمیت 5 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کی جارہی ہے۔